کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار سے)ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈی او ماحولیات مراتب علی کے ہمراہ لالہ موسیٰ جی ٹی روڈ پر واقع مختلف بھٹوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران بھٹوں کی مانیٹرنگ کی گئی تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے تحت زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے معائنہ کے دوران بھٹوں پر کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں پائی اور تمام بھٹوں کو ماحولیاتی معیار کے مطابق کام کرتے ہوئے پایا۔

اس موقع پر انہوں نے بھٹہ مالکان کو ہدایت کی کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی پر مکمل عملدرآمد جاری رکھیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم سے کم کیا جا سکے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ڈی او ماحولیات مراتب علی نے بھی اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ضلع گجرات کے تمام بھٹوں پر زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، جو کہ ایک اہم ماحولیاتی اقدام ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع گجرات میں ماحولیاتی قوانین کی سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور بھٹہ مالکان کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادارے اور صنعتیں ماحولیاتی قوانین پر عمل کریں تاکہ سموگ اور دیگر ماحولیاتی مسائل سے بچا جا سکے۔