گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی منی پیٹرول پمپس اور پیٹرول ایجنسیاں سیل کردیں۔ تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے غیر قانونی پیٹرول پمپس کے حوالے سے شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر فاروق اعظم نے دورانِ معائنہ ان ایجنسیوں کو شہریوں کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر حفاظتی اقدامات کے ان کا قیام کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری و رہائشی علاقوں میں اس قسم کے کاروبار کی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فاروق اعظم نے واضح کیا کہ غیر قانونی منی پیٹرول پمپس اور ایجنسیاں فوری طور پر بند کردی جائیں، ورنہ مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





