اکتوبر 30, 2026

جامعہ گجرات میں سٹور انونٹری سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کا افتتاح

گجرات(نمائندہ خصوصی) وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے جامعہ گجرات میں سٹور انونٹری سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کا افتتاح کر دیا۔ ڈائریکٹویٹ برائے ITسروسز کی جانب سے تیار کردہ سٹور انونٹری سسٹم کا مقصد معاملات کو شفافیت سے روشناس کرواتے ہوئے مختلف طرز کے عملی کاموں میں تیزی لانا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈائریکٹویٹ برائے ITسروسز کی جانب سے ایک تربیتی سیشن کا اہتمام بھی کیا گیا تاکہ مختلف شعبہ جات کے سربراہوں و دیگر کارکنان کو سٹور انونٹری سسٹم کے چیدہ نکات اور فیچر زسے آگاہ کرتے ہوئے اس سسٹم کو مزید بہتری کی جانب گامزن کیا جا سکے۔ تقریب میں مختلف شعبہ جات کے صدور و چیئرپرسن، انتظامی شعبہ جات کے سربراہوں، ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف اورمختلف تدریسی و انتظامی دفاتر کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اس افادہ بخش سسٹم سے آگاہی حاصل کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمدمشاہد انور نے کہا کہ اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرواتے ہوئے مختلف سطح پر معاملات کو بہترین بنایا جا سکتا ہے۔ جامعہ گجرات دورحاضر کی ضروریات کے عین مطابق مختلف شعبہ جات میں ڈیجیٹلائزیشن کوشعار بناتے ہوئے ایک جدید یونیورسٹی کے تصور کو کامیاب بنانے پر عمل پیرا ہے۔ یونیورسٹی کے تمام افسران و ملازمین پر خلوص اور دیانتدارانہ کاوشوں کے ذریعے سسٹم کو بہتری کی جانب مائل کر سکتے ہیں۔ ڈائریکٹرITزاہد رضا نے کہا کہ ITسروسز کا کلیدی مقصد یونیورسٹی کے تمام تر نظام کو مرحلہ وار ڈیجیٹل بناتے ہوئے قیمتی وقت کو بچانا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے تمام تر ریکارڈ کو بہترین انداز میں محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ ITسروسز کی ٹیم انتہائی احسن انداز میں شبانہ روز محنت کے ذریعے نظام میں بہتری لانے کی کاوش کر رہی ہے۔ تربیتی سیشن کے شرکاء نے مختلف سوالات کے ذریعے سٹور انونٹری سسٹم کی بابت سیر حاصل آگاہی حاصل کی۔ تربیتی سیشن کے بعد عملی طور پر سٹور انونٹری سسٹم سے آگاہی کے لیے کمپیوٹر لیب میں ہینڈز آن پریکٹس کا انعقاد بھی کیا گیا۔