گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے طلباء و طالبات کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات فول پروف ہوں گے اور پارکنگ کا وسیع انتظام کیا جائے گا۔ پولیس، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، ڈی ایس پی سٹی عامر شیرازی، سی او ایجوکیشن محمد یونس، اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر طاہر عزیز اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ایک اہم امتحان ہے جو طلباء و طالبات کے مستقبل کا تعین کرتا ہے۔ پیپرز و دیگر مواد کو مکمل سیکورٹی کے ساتھ لاہور سے وصول کرکے سخت حفاظتی حصار میں رکھا جائے گا۔ طلباء و طالبات کی رہنمائی کے لیے سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے، اور ان کے ساتھ آئے والدین کے لیے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ پینے کا صاف پانی، فرسٹ ایڈ، اور محکمہ صحت کی طرف سے فیلڈ ہسپتال سینٹر پر قائم کیا جائے گا۔ پارکنگ اور ٹریفک پلان کے حوالے سے بہترین اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹیسٹ سینٹرز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو سینٹر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلباء و طالبات کی سہولت کے لیے شٹل سروس کے ذریعے فری پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بارے اجلاس
