حکومت پنجاب کسانوں کو بلا سود قرضہ جات فراہم کرنے جارہی ہے:ڈپٹی کمشنر گجرات

گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی خریداری کے لیے بلاسود قرضہ جات فراہم کرنے جا رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت 1 ایکڑ سے 12.5 ایکڑ اراضی رکھنے والے کسان اہل ہوں گے۔ 5 ستمبر سے کسانوں کو کسان کارڈ کی تقسیم کا آغاز کیا جا رہا ہے، اور تینوں تحصیلوں میں محکمہ زراعت کے دفاتر میں ڈسٹریبیوشن سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکڑ 30 ہزار روپے کھاد اور بیج کی خریداری کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔ سبسڈی کی رقم 15 اکتوبر سے فراہم کی جائے گی۔کسان اپنے رجسٹریشن کے لیے PKC (space) شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر بھیج سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ 5 ایکڑ کی سبسڈی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ڈسٹریبیوشن سینٹرز پر کسانوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھاد ڈیلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع اطہر لطیف، اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ کھاد ڈیلرز کسانوں کی سبسڈی کی فراہمی کے لیے بینک آف پنجاب میں جلد از جلد اکاؤنٹ کھلوائیں اور محکمہ زراعت کے ساتھ خود کو رجسٹر کریں۔ سبسڈی کسانوں کو ڈیلرز کے ذریعے فراہم کی جائے گی، اور کسان کو بینک آف پنجاب کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ جاری کیا جائے گا۔ کسان کھاد ڈیلرز کو نقد رقم دینے کی بجائے کارڈ سے بل کی ادائیگی کرے گا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ کسان 6 ماہ کے اندر رقم واپس کرنے کا پابند ہوگا، اور سال میں دو بار فی ایکڑ 30،000 روپے سبسڈی حاصل کرسکتا ہے۔ کسان کھاد، بیج، اور زرعی ادویات کارڈ کے ذریعے خرید سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں کھاد کی دستیابی کنٹرول ریٹ پر یقینی بنائی جائے گی۔ محکمہ زراعت اور کھاد ڈیلرز کے درمیان قریبی رابطہ رہے گا، اور جعلی ادویات کی خرید و فروخت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version