ریاض(ادریس احمد گنجہ سے) سفیراسلامی جمہوریہ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ پی این ایس حنین کے دورہ سعودی عرب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ اتوارکی شب پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ‘حنین’ کے کمانڈر کیپٹن ہارون عزیزکی جانب سے جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزازمیں دئیے گئے تعارفی عشائیہ میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کررہے تھے۔ جس میں مغربی ریجن کیکمانڈر میجر جنرل احمد بن علی الدبئیس، مغربی بیڑے کے کمانڈر رئیرایڈمرل منصور بن سعود الجیاد، قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، قونصلیٹ افسران، سعودی فوجی اور بحری حکام اورجدہ کمیونٹی کے اکابرین نے جدہ اسلامی بندرگاہ پرموجود جہاز”حنین” کے عشائیہ میں شرکت کی۔ پاکستان قونصلیٹ جدہ کے پریس قونصلرمحمد عرفان کیمطابق سفیراحمد فاروق نے مزید کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کی شراکت داری اوردیرینہ دوستی کی جڑیں گہری بنیادوں پراستوارہیں۔ جوحکومتوں سے بڑھ کر عوام سے عوام کے مضبوط روابط تک پھیلی ہوئی ہیں۔ قبل ازیں جہازپرمہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیپٹن ہارون عزیز نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیراحمد فاروق، سعودی عسکری رہنماؤں اور پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید کا اس دورہ کے دوران ان کا اور جہاز کے عملہ کا سعودی عرب میں بہترین مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کے اراکین اور پیشہ ور افراد کو پاک بحریہ کے جہاز حنین کی مختلف صلاحیتوں اور پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا۔ پی این ایس حنین نے اپنا پہلا سفر رومانیہ سے شروع کیا یہ ایک نیا کمیشنڈ جہاز ہے اور پاکستان کے راستے پر ہے جہاں اسے باقاعدہ طور پر پاک بحریہ میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب کا اختتام رسم کیک کٹنگ اورعشائیہ پرہوا جو جہاز کے عملہ نے تیار کیا تھا۔
پی این ایس حنین کے کمانڈر کیپٹن ہارون عزیز کی جانب سے جدہ اسلامی بندرگاہ پہنچنے پر کمیونٹی ممبران اور پاکستان مشن کے اعزاز میں عشائیہ دیاگیا
