گجرات(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مارکیٹس کے باقاعدہ دورے کریں اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کے افسران آڑھتیوں اور پھڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور بوگس بولی دینے والے افراد کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پروائس چیرمین پرائس کنٹرول کمیٹی ارقم چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ،، ڈی او انڈسٹری راشدہ بتول، صدر انجمن تاجران جاوید بٹ سمیت تاجر تنظیموں کے راہنما بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماہ اگست کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 6549 مقامات پر انسپکشنز کیں، جن کے نتیجے میں 699 گران فروشوں پر 23 لاکھ 22 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 2 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ شفاف بولی کا انعقاد یقینی بنائیں اور ریٹ لسٹ بروقت جاری کریں۔ پروائس چیرمین پرائس کنٹرول کمیٹی ارقم چیمہ نے کہا کہ تمام دکاندار حضرات کو ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے مزید کہا کہ گران فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
گرانفروشوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی:ڈپٹی کمشنر
