جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گیس ریفلنگ اور پٹرول کی غیرقانونی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔ شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں،سول ڈیفنس اور متعلقہ ذمہ دار محکموں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی گیس ایجنسیوں کے مالکان نے گیس ری فلنگ اور پٹرول کی فروخت کاغیرقانونی دھند دیدہ دلیری سے شروع کر رکھا ہے، اکثر ایجنسی مالکان نے گنجان آباد علاقوں میں گودام قائم کررکھے ہیں جہاں گیس ریفلنگ کا مکروہ دھندہ کیا جاتا ہے۔بعض گیس ایجنسیوں کے مالکان نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے قریب مکروہ دھندہ شروع کررکھا ہے،جس کیوجہ سے مکینوں اور بچوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں، کسی بھی وقت کوئی بڑا جان لیوا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔سول ڈیفنس کے ذمہ داران اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو کہ ذمہ داران کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی گیس ریفلنگ اور پٹرول کی فروخت کے کارروبار سے منسلک افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
جہلم:ضلع بھر میں گیس ریفلنگ اور پٹرول کی غیرقانونی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا، شہریوں کی زندگیاں خطرے میں
