جہلم(چوہدری سالک پسوال) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ضلع جہلم میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور تحریری احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ 13 سے 15 اگست کے دوران ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ 13 سے 15 اگست کے دوران گورنمنٹ کمپریہینسو سکول جہلم کے گراؤنڈ میں میوزک نائٹ، ماسکوٹ پریڈ، روایتی کھانے، میجک شو، دستکاری سکول جیسے پروگرام منعقد ہوں گے۔ تمام سرکاری عمارتوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سبز اور سفید رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا جائے اور تمام تحصیلوں کے افسران بھرپور جوش کے ساتھ یوم آزادی منائیں گے۔کبڈی، والی بال، فٹ بال، ہاکی، کرکٹ، فائر ورکس، تعلیمی اداروں میں سیمینارز، میوزیکل کنسرٹ، آتش بازی، کیک کٹنگ کے علاوہ شجر کاری بھی کی جائے گی۔ اس کے تمام اہم مقامات پر چوکوں اور سڑکوں پر جھنڈے، ملی نغمے اور قومی گیت لگائے جائیں گے۔ 14 اگست 2024 یوم آزادی کی مرکزی تقریب و پرچم کشائی تبلیغ السلام ہائی سکول میں منعقد ہوگی۔ ایک ہی وقت میں ضلع کے تمام سکولوں، کالجوں اورسرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کی جائے گی اور قومی ترانے کے ساتھ ساتھ شہدائے پاکستان اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دُعا بھی کی جائے گی۔ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودے بھی لگائے جائیں گے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی کے موقع امن وامان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے۔ ٹریفک پلان اور ٹریفک مینجمنٹ کی حکمت عملی اپنائی جائے، انہوں نے ڈی او ریسکیو 1122 کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈز اور سول ڈیفنس کوالرٹ رکھا جائے۔
جہلم: یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کیلئے انتظامات مکمل، تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
