دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر مسافروں سے بھری بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق جبکہ 16افراد شدید زخمی، حادثے کے بعد چیخ و پکار مچ گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور جاں بحق کو رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا، حادثے کا شکار ہونے والی بس مانسہرہ سے لاہور کی طرف جا رہی تھی، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مانسہرہ سے لاہور جانے والی مسافروں سے بھری بس نمبری FDS-9990جب دینہ کے قریب چکوہا کے مقام پر پہنچی تو اچانک گاڑی ڈرائیورسے بے قابو ہو کر جی ٹی روڈ پر الٹ گئی، حادثے کا شکار ہونے والی میں چیخ و پکار مچ گئی جس سے بس میں سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ 16کے قریب مسافر جن میں ارفع ولد شیر داد، نگہت زوجہ ظفر، احتشام ولد سرفراز، کامران ولد یوسف، شاہ زیب ولد بشیر، سبینہ زوجہ زیب الرحمن و دیگر بچے، عورتیں اور مرد شامل تھے، حادثہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہ ہو سکی،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس تھانہ دینہ کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طبی امداد کے بعد زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا۔
دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر مسافروں سے بھری بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق جبکہ 16افراد شدید زخمی
