دینہ:شعبہ تصوف کی ساری محنت قلوب کی اصلاح پر ہے:امیر عبدالقدیر اعوان شیخ

دینہ (رضوان سیٹھی سے) شعبہ تصوف کی ساری محنت قلوب کی اصلاح پر ہے اورخلوص کا گھر قلب ہے، صوفیا کرام سالک کی تربیت اس طرح کرتے ہیں کہ اس کے باطن کی آنکھ کو بصیرت عطا ہو جاتی ہے اور وہ نہ دیکھتے ہوئے بھی صراط مستقیم پر چلنا شروع ہو جاتا ہے دنیا کا اندھا پن ظاہر ی آنکھوں میں بینائی کا نہ ہونا ہے یہ اتنا نقصان دہ نہیں ہے جتنا کسی کی بصیرت کا چلے جانا ہے، امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے جو اصول اور ضابطے دیے ہیں ان پر عمل نہ کرنے سے بندہ ہر غلط کام میں دھنستا چلا جاتا ہے حلال و حرام کی تمیز کیے بغیر دولت اکٹھی کرتا چلاجاتا ہے ایمان کا جائزہ لیتے رہیں اور اسباب کو ضرور اختیار کریں لیکن اسباب کو کل نہ جانا جائے آج ہم جد ت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں جدید ٹیکنالوجی اپنے عروج پر ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کہیں اس جدت نے ہمیں دین اسلام سے دور تو نہیں کر دیا،نیک عمل بھی دل پر اثر انداز ہوتا ہے اور گناہ بھی دل کو متاثر کرتا ہے جب دل مسلسل گناہ کرنے سے سیاہ ہو جاتا ہے پھر توبہ کی توفیق بھی سلب ہو جاتی ہے، اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں، یاد رہے سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ میں چالیس روزہ سالانہ اجتماع جاری ہے جس کا اختتام بیان و اجتماعی دعا بروز اتوار دن گیار ہ بجے حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مد ظلہ العالی فرمائیں گے، تمام خاص و عام کو دعوت عام ہے اس با برکت اجتماع میں شرکت کر کے اپنے دلوں کو برکات نبوت ﷺ سے منور کیجیے۔

Exit mobile version