منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت یوم آزادی کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ 14 اگست ہماری قومی شناخت کا دن ہے اور اس دن کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہو گی، محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام کبڈی، تیکوانڈو، ہاکی، کرکٹ کے کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروائے جائیں گے، سکول وکالجز میں مضمون نویسی،تقاریر جبکہ سپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ملی نغموں اور ٹیبلوز کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔ سرکاری و نجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔گلیوں اور بازاروں کو بھی قومی پرچم، سبز ہلالی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔ ٹری پلانٹیشن کے حوالے سے شجرکاری کی جائے گی اور عوام الناس میں پودے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر ون ویلنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل چلانے، ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا، پولیس یوم آزادی پاکستان کی تقریبات کے حفاظتی اقدامات کرے گی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ یوم آزادی کی تیاریوں کے حتمی پروگرام کے حوالے سے اپنا اپنا تفصیلی پلان پیش کریں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت یوم استحصال کشمیر بھر پور طریقے سے منانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ منڈی بہاوالدین کے زیر اہتمام 05اگست 2024کو بھارت کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر ختم کرنے کے خلاف ضلع بھر میں یوم استحصال کشمیر بھر پور طریقے سے منایا جائے گا۔ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ریلیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔



