منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضٰی،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز، پرنسپل سکول اینڈ کالج کرنل (ر) عطاء الرحمٰن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج کے انتظامی امور،تعلیمی معیار میں بہتری، اکاونٹس،فرنیچر ریپئر،نئے فرنیچر کی خریداری، ایڈمن آفیسروسٹاف اور کمپیوٹر آپریٹر کی تعیناتی،کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن،گراؤنڈز کی بحالی، سپورٹس ایکٹیویٹیز، نئے پرائیویٹ ممبران کی نامزدگی سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ جناح پبلک سکول و کالج ضلع میں بہترین تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، جہاں طلباء و طالبات کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کوالیفائید ٹیچرز میسر ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے بغیر کوئی بھی تعلیمی ادارہ بہتر پرفارم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمپیوٹر لیب کو جلد از جلد اپ گریڈکیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ جناح پبلک سکول و کالج میں سپورٹس ایکٹیویٹیز کو فعال کیا جا رہا ہے، جہاں طلباء و طالبات کو کرکٹ، فٹبال،ہاکی اور بیڈمنٹن کی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مفت سپورٹس کٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے جناح پبلک سکول و کالج کے مختلف سیکشنز اور سمر کیمپ کلاسز کا دورہ کر کے درس و تدریس کے عمل کا جائزہ لیا اورطلباء سے درس و تدریس کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔ڈپٹی کمشنر نے طلباء سے درس و تدریس کے حوالے سے سوالات بھی پوچھے اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول اینڈ کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس
