جہلم(تحصیل رپورٹر) جہلم شہر کی مختلف سڑکوں پرنوجوانوں کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ بدستور جاری، پولیس ون ویلنگ کو روکنے میں بری طرح ناکام۔ شہریوں کا ڈی پی او جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی مختلف سڑکوں پرروزانہ کی بنیاد پر نوجوان موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں، ڈھوک جمعہ روڈ، سول لائن روڈ، کینٹ چوک، روہتاس روڈ، جی ٹی روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر موٹرسائیکل سوار ون ویلنگ اور موت کے منظر پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔نوجوان لڑکے ٹولیوں کی صورت میں موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنا روزانہ کا معمول بنا رہے ہیں۔ پولیس ان بگڑ ے گھروں کے رئیس زادوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے جبکہ پولیس کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے شہر کی چھوٹی بڑی سڑکوں پر اس خطرناک کھیل میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے سڑکوں سے گزرنے والی فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں۔ جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
جہلم:موٹرسائیکلوں پر نوجوانوں کی ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری، پولیس روکنے میں بُری طرح ناکام
