منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد محی الدین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ سمیت ضلع بھر کے تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں نئی اور جاری ترقیاتی سکیموں، سپیشل سی ایم انیشیٹوز، لاء اینڈ آرڈر، صفائی ستھرائی، کے پی آئیز، پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری پروگرام، محکمہ ہیلتھ اور ایجوکیشن میں بہترین سروس ڈیلیوری و سہولیات کی فراہمی، نہروں اور ڈرینج کی صفائی، امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو حقیقی ریلیف کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق افسران حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلعی سطح پر اعلی سطحی کوآڈینیشن کمیٹی منڈی بہاوالدین کے ذریعے عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اعلیٰ ومعیاری تعلیم فراہم کرنے، خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صفائی ستھرائی، سیوریج، صاف پانی کی فراہمی سمیت ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں عوامی نمائندے اور متعلقہ ادارے ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوام الناس کی فلاح و بہبود کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے مسائل جن میں خستہ حال روڈز، سیوریج سکیموں سمیت دیگر امور بارے متعلقہ محکموں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔





