منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضٰی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ڈاکٹر محمد عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل، سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہر وڑائچ، ڈرگ انسپکٹرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 9 میڈیکل سٹور مالکان کے کیسز زیر بحث لائے گئے۔ جن پر بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی، زائد المیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے جیسے الزامات تھے۔ اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر نے 4 میڈیکل سٹور مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے، 4 میڈیکل سٹورز کو ڈی سیل کرنے اور ایک میڈکل سٹور مالک کو وارننگ جاری کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کاکہنا تھا کہ غیر قانونی ادویات کا کاروبار کرنے والے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زائد المیعاد، ممنوعہ ادویات، فزیشن سیمپل اور ادویات کی خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے والوں کے خلاف کاروائیاں تیز کی جائیں، ضلع میں غیر قانونی میڈیکل سٹورز، کلینک اور ہسپتال سیل کئے جائیں۔

Exit mobile version