منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرنوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی بہتری کے لئے کوششیں تیز کردیں، شرکائے اجلاس کی متفقہ رائے سے ہیلتھ کونسل کے فنڈز سے ملازمین کی اپریل مئی کی تنخواہوں، میڈیسن خریداری، جون کے انٹرنیٹ سروسز کی ادائیگی، تھرمل پرنٹ رول، کارڈیک مانیٹرز، انڈنٹ بکس سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں شہریوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور معیاری علاج معالجہ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت تمام سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لائی جائے اور اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ سرکاری ہسپتالوں کے طبی آلات کو ہر صورت ورکنگ حالت میں رکھا جائے۔ ہیلتھ کونسلز فنڈ کے استعمال میں شفافیت اور تعمیر و مرمت کے کام میں معیار کا خاص خیال رکھا جائے، سروس ڈیلیوری پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔





