جون 14, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرنوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی واضح ہدایت کی روشنی میں اشیائے خوردونوش بالخصوص سبزیوں، پھلوں، چینی اور دالوں کے مقررکردہ نرخوں پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے دورے کرکے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی چیکنگ کریں اور اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ہفت روزہ ٹارگٹ کا حصول ممکن بنایا جائے اور فیک انٹریز سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے مذید ہدایت کی کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے، عام بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاء ضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروائیں اور جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔