جہلم(سید ناصر محمود)جہلم شہر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی اڈے قائم۔ ٹریفک روانی میں خلل۔ ٹریفک وارڈن خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈی پی او جہلم،ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشوں، لوڈر رکشوں کے غیر قانونی اڈے قائم ہو چکے ہیں۔ جن میں شاندار چوک، محمدی چوک، جادہ چوک، روہتاس روڈ چوک، تحصیل روڈ چو ک وغیرہ شامل ہیں، غیر قانونی رکشہ اڈوں کی وجہ سے سارا دن اندرون شہر ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ ٹریفک وارڈن سول ہسپتال جادہ چوک، روہتاس روڈ چوک، محمدی چوک،قبرستان چوک سمیت دیگر اہم چوک چوراہوں سے غائب رہتے ہیں۔جس کیوجہ سے پیدل چلنے والے بزرگ شہریوں خواتین اور بچوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ شہریوں کا کہنا کہ غیر قانونی چنگ چی رکشہ اسٹینڈ آر ٹی اے سیکرٹری اور موٹر وہیکل ایگزامینر اور ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں قائم ہیں۔ متعدد مرتبہ اس بارے افسران کو تحریری و زبانی طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن افسران کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگتی۔ شہر کی سماجی،رفاعی، فلاحی، عوامی،شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیاہے کہ نااہل افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں کی جائیں اور فرض شناس افسران و اہلکاروں کی تعیناتیاں کی جائیں تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
جہلم شہر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی اڈے قائم، ٹریفک روانی میں خلل پڑنے لگا
