منڈی بہاؤالدین: ندیم بلوچ کا غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز اور ڈی کینٹنگ پر سخت کریک ڈاؤن ، 4 دکانیں سیل ، مقدمات درج

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹرشاہدراٹھور) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ کا غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز اور ڈی کینٹنگ پر سخت کریک ڈاؤن جاری، اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل منڈی بہاوالدین میں پٹرول فروخت کرنے والی غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز اور غیر قانونی طور پر ڈی کینٹنگ کر کے گاڑیوں میں گیس سلنڈر رکھنے پر کاروائی کرتے ہوئے 4 دکانوں کو سیل کر کے مالکان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کروا دئیے جبکہ تمام سامان کو بھی قبضہ میں لے لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز کا پٹرول فروخت کرنا اور گاڑیوں میں ڈی کینٹنگ قانونی جرم ہے، جس کی کسی بھی طور پر اجازت نہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افعال سر انجام دے کر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایسے عناصر اپنے ساتھ ساتھ لوگوں کی زندگیوں سے بھی کھیل رہے ہوتے ہیں، حکومتی ہدایت پر غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز اور ڈی کینٹنگ کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر عمل درآمد کے حوالے سے مختلف ہوٹلز اور تندوروں کا معائنہ کر کے روٹی اور نان کی سرکاری قیمت پر فروخت اور وزن کا جائزہ لیا۔ روٹی سرکاری قیمت پر فروخت کی جا رہی تھی اور وزن بھی پورا پایا گیا.

Exit mobile version