جون 16, 2026

ضلع منڈی بہاوالدین میں 10 ویں محرم الحرام کے تمام جلوس پر امن طریقے سے اختتام پزیر

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹرشاہدراٹھور) ضلع منڈی بہاوالدین میں 10 ویں محرم الحرام کے تمام جلوس پر امن طریقے سے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے مزہبی رواداری، امن و امان و بھائی چارہ کے ساتھ اختتام پزیر ہو گئے۔ ضلع کا مرکزی جلوس صدر گیٹ امام بارگاہ سے برآمد ہو کر پانچ وارڈ امام بارگاہ میں اختتام پزیر ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر جلوسوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر کے جلوسوں کے راستوں میں میٹھے پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھی جبکہ نیاز کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ پولیس، ریونیو، ریسکیو 1122، بلدیہ، میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹیموں نے جزبہ ایمانی کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او احمد محی الدین لمہ بہ لمحہ جلوسوں کی مانیٹرنگ کرتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا گاہے بگاہے دورہ کیا اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگائے گئے کیمروں کا جائزہ لیا۔ تحصیل لیول پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جلوسوں کی مانیٹرنگ کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں عاشورہ کے جلوسوں کے لئے بہترین انتظامات کی وجہ سے جلوسوں کے پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہونے پر ضلع بھر کے شہریوں اور معزز شخصیات نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے