ملک بھر میں 10 محرم الحرام کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد ہو گئے، اس موقع پر مجالس منعقد اور نوحہ خانی کی جا رہی ہے۔10 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشترپارک میں شروع ہو گئی ہے جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کر رہے ہیں۔
لاہور: یوم عاشور کا مرکزی جلوس برآمد
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر محلہ شعیاں پہنچ گیا۔
پشاور: یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے
پشاور کی مختلف امام بارگاہوں سے یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہو گا۔جلوسوں کی سیکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزار افسران و اہلکار تعینات ہیں، جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار موجود ہیں۔جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
کوئٹہ: یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس معطل
کوئٹہ میں یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے۔کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس آج صبح نو بجے کے قریب علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔
ملتان: 10 محرم کا مرکزی جلوس برآمد
ملتان میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گاہ حرا حیدریہ سے برآمد ہو گیا۔مرکزی جلوس شام 6 بجے درگاہ شاہ شمس تبریز پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔یوم عاشور کے 116 ماتمی جلوس شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوں گے۔
گوجرانوالہ: لنگر کی تقسیم، کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحق
گوجرانوالہ میں جلوس میں لنگر کی تقسیم کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔جھنگ میں یوم عاشور کے موقع پر 249 جلوس اور 164مجالس ہوں گی، مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہو گا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ: یوم عاشور پر 78 جلوس و 13 مجالس ہوں گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم عاشور پر 78 جلوس اور 13 مجالس ہوں گی جبکہ مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ جھنگ روڈ سے 10 بجے برآمد ہو گا۔ماتمی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 7 بجے اختتام پذیر ہو گا۔
مظفرگڑھ: موبائل فون سروس معطل
مظفرگڑھ میں 165 جلوس اور 279 مجالس منعقد ہوں گی،ضلع بھر میں موبائل فون سروس معطل ہے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔
راجن پور: 67 مجالس اور 51 جلوس نکالےجائیں گے
ڈی پی او نے کہا ہے کہ راجن پور میں67 مجالس اور51 جلوس نکالےجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
