گجرات(نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے قیام امن کیلئے مختلف شہروں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت و پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے گجرات کادورہ کیا، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک نے سیکورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی، صوبائی وزیر نے شہر کی مختلف امام بارگاہوں اور ماتمی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا، اہل تشیع کے راہنماؤں سے ملاقات کی اور سیکورٹی انتظامات بارے بات چیت کی، اہل تشیع کا بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا. صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا برقرار رکھنے کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں، ماتمی جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی ہے، انشاء اللہ عشرہ محرم پرامن رہے گا، انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں، دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے ملک کا امن برباد کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ امن اور بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے فعال امن کمیٹیوں کا قیام ناگزیر ہے ان امن کمیٹیوں میں تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہونے چاہئیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو بھی قیام امن کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہے، چوہدری شافع حسین نے کہا کہ معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن ناگزیر ہے، گجرات میں سیف سٹی کے پروجیکٹ پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، اس اہم منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ امن ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے ملک خوشحال ہوگا، ہمیں مل کر ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے اور قیام امن کی کاوشوں ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہے، صوبائی وزیر کی امن دشمنوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور محرم کے دنوں میں طے کردہ ایس اوپیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے. ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ محرم الحرام کے دوران شہر میں 219جلوس اور اور 1300مجالس منعقد ہوتی ہیں، ماتمی جلوس کے زائرین کیلئے سبیلیں لگائی جائیں گی اور کھانا بھی فراہم کیا جائے گا، مختلف مکاتب فکر کے 34علما کی گجرات میں داخلے پر پابندی ہے. ڈی پی او گجرات نے بتایا کہ محرم الحرام کے حوالے سے بہترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، مجالس اور جلوسوں کی کنٹرول روم سے مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے، سیکورٹی پر مامور رضا کاروں کو خصوصی تربیت دی گئی ہے، ایم این اے نصیر سدھ،اراکین پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز، خالداصغرگورال، سید مددعلی شاہ، راجہ محمد اسلم، عبداللہ یوسف، ضلعی انتظامی اور پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔





