ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

جہلم(چوہدری سالک پسوال)جہلم میں محرم الحرام کی سیکورٹی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تمام متعلقہ ضلعی افسران سمیت پاک فوج کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کو بہترین سیکورٹی فراہم کی جائے گی، پولیس اور رینجرز جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کریں گی جبکہ پاک فوج کی کمپنیاں ریزرو فورس کے طور پر ضلعی انتظامیہ کی کال پر فوری ایکشن کے لیے دستیاب ہوں گی۔ پاک فوج کے نمائندے نے محرم الحرام اور آئندہ موسم برسات میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پلان پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر دم تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ تمام سیکورٹی ادارے مل کر امن و امان کو یقینی بنائیں گے، محرم الحرام کے دوران تمام حساس مقامات پر سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی، جلوسوں کے راستوں پر CCTV کیمرے نصب کیے جائیں گے اور مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔

Exit mobile version