ستمبر 14, 2026

قائم مقام ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا شہر بھر میں جاری صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے دورہ

منڈی بہاوالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر قائم مقام ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے شہر بھر میں جاری صفائی ستھرائی کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے شہر کا دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی اور تعمیر و مرمت کے عمل کو چیک کیا اور ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا کہنا تھا کہ گلیوں، محلوں اور بازاروں میں عرصہ دراز سے بند نالوں کی صفائی سمیت دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جاسکیں، شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر شہری علاقوں میں کوڑا کرکٹ، ملبے کے ڈھیر اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہریوں کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے بہتر پروفارمنس دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فٹ پاتھوں اور دکانوں سے سڑکوں تک قائم کی گئی تجاوزات کی وجہ سے عوام الناس کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ جس کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائزتجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے تا کہ شہر بھر کی سڑکیں اور بازار کھلے اور خوبصورت بنائے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو اندورن صفائی ستھرائی اور تعمیر و مرمت کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے تا کہ شہر کی خوبصورتی کے علاوہ ٹریفک کی روانی کوبرقرار رکھا جا سکے