منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)قائم مقام ڈپٹی کمشنرذوالفقار احمد اور ڈی پی او احمد محی الدین کی زیر صدارت مقامی میرج ہال میں ضلعی امن کمیٹی کے حوالے سے ضلع بھر کے لائسنس داران ہولڈرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ، سی او ایم سیز، پولیس، انجمن حسینیہ کے سرکردہ رہنماؤں، لائسنس داران ہولڈرز، منتظمین سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،منڈی بہاوالدین ایک پر امن ضلع ہے، ضلع کے تمام مکاتب فکر کے علماء اور ذاکرین نے ہمیشہ ضلع میں امن، تحفظ اور سلامتی کیلئے قلیدی کردار ادا کیا ہے، محرم الحرام میں امن و امان کا قیام اجتماعی ذمہ داری ہے،لائسنس داران ضابطہ اخلاق، وقت، جگہ اور روٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ، پولیس اور منتظمین کے باہمی تعاون سے ہی امن و امان کے قیام سے ہی مجالس، جلوسوں کے پر امن انعقاد کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وقت، جگہ روٹ کی تبدیلی نہیں ہو گی۔ڈی پی او احمد محی الدین کا کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو صبر و تحمل، رواداری، اتفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں اسلام کی سربلندی کیلئے جزبہ حسینیت کی روشنی میں سب کچھ قربان کرنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے باہمی اختلافات بھلا کر اس پیغام پر عمل کریں تا کہ باہمی نفرتوں اور کدورتوں کا خاتمہ ہو سکے۔ اجلاس سے لائسنس داران نے بھی اپنے اپنے خیالات کا ظہار کیا، اپنی گزارشات پیش کیں اور انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اداروں کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
منڈی بہاؤالدین:قائم مقام ڈپٹی کمشنرذوالفقار احمد اور ڈی پی او احمد محی الدین کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کااجلاس
