گجرات (پ ر)جامعہ گجرات کے حیاتین اسلامک فورم کے زیرا ہتمام بارہویں سالانہ مقابلہ حسن نعت و قرات ”مدحت24-“ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس کے قائد اعظم آڈیٹوریم میں ہوا۔ قرأت و نعت خوانی کی اس پُر وقار محفل میں چالیس سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے فن قرأت و ذوق نعت گوئی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سالانہ مقابلہ قرأت و نعت کا مقصد نوجوان طلبہ میں فن قرأت و نعت سے رغبت پید اکرتے ہوئے بہترین جوہر کی شناسائی تھا تاکہ یہ طلبہ آئندہ قومی سطح پر قرأت و نعت کے منعقدہ مقابلوں میں شرکت کرتے ہوئے جامعہ گجرات کی بہترین نمائندگی کا حق ادا کرنے کے قابل ہوں۔ مقابلہ قرأت و نعت کے مہمان خصوصی معروف عالم دین،استادو چیف سکیورٹی افسر ڈاکٹر سیدحامد فاروق بخاری تھے۔ مہمانان اعزاز میں ڈائریکٹرSSCڈاکٹرمحمد زبیر، ندیم بن اسلمی و دیگر شامل تھے۔ حیاتین اسلامک فورم نوجوان طلبہ میں دینی فکر کے عملی پہلوؤں کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہوئے طلبہ کی تعمیر سیرت و کردار میں منہمک ہے۔ ڈاکٹرسید حامد فاروق نے کہا کہ طلبہ میں دینی شعور کا فروغ عصر حاضر کا اہم تقاضا ہے۔ قرأت و نعت کا ذوق و شوق طلبہ میں دینی فکری ترویج کا اہم خاصہ ہے۔ ڈاکٹر محمدزبیر نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کی ذات بابرکات کی عملی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے ہم بہترین انسان بن سکتے ہیں۔ حیاتین اسلامک فورم(HIF)بطور طلبہ سوسائٹی طلبہ کی ذہنی و روحانی تربیت کا فریضہ بطریق احسن سرانجام دے رہا ہے۔ صدر HIFقمر الیاس نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ جب کہ سابق صدور حامد میر، حافظ معاذ اورحماد اسلم چشتی نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی تعمیر شخصیت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔صراط مستقیم کا انتخاب کرتے ہوئے عظمت انسانیت کا علم بلند کیا جا سکتا ہے۔ تقریب کی اختتام پر ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری نے جامعہ گجرات کی ترقی اور ملکی امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا ئے خیر کروائی۔ مقابلہ قرأت ونعت کے منصنفین میں ڈاکٹر عبدالغنی تائب، قاری حسن رضا علوی اور حماد اسلم چشتی شامل تھے۔ مقابلہ قرأت میں اسامہ عمر نے اوّل اویس شاہ نے دوم جبکہ علی حسن کرامت نے سوم پوزیشن حاصل کی۔مقابلہ نعت میں سید علی عباس نے اوّل محمد احمد نے دوم جبکہ طیب سخاوت نے سوم پوزیشن حاصل کی۔پوزیشن ہولڈر طلبہ کو شیلڈیں جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو اعزازی اسناد پیش کی گئیں۔
جامعہ گجرات کے زیر اہتمام سالانہ مقابلہ حسن نعت و قرات
