جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم سے اٹک اور اسلام آباد کے بجلی صارفین سے پیشگی بل وصول کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔آئیسکو نے بجلی کے صارفین کیلئے پری پیڈ بجلی میٹر نصب کرنا شروع کر دیئے، نیپرا نے آئیسکو کو ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر پائلٹ پراجیکٹ کی اجازت دے دی، پری پیڈ میٹر صارفین سے ماہانہ فیول اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ الگ وصول نہیں کیا جائے گا۔پری پیڈ میٹر صارفین کیلئے بجلی کے نرخ بھی الگ ہوں گے، پری پیڈ صارفین کیلئے بجلی کا ریٹ مہنگا ہوگا، پری پیڈ صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں کی منظوری نیپرا سے لی جائے گی۔آئیسکو ریجن میں پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پری پیڈ سسٹم پورے ریجن میں رائج کردیا جائے گا، آئیسکو نے راولپنڈی میں 35 ہزار پری پیڈ میٹر نصب کر دیئے ہیں، اگلے 2 برس میں جہلم سے اٹک (راولپنڈی ریجن) تک سمارٹ پری پیڈ میٹر نصب کردئیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں راولپنڈی، ٹیکسلا میں 8 لاکھ 79 ہزار پری پیڈ میٹر لگائے جائیں گے۔ بجلی صارفین سے پری پیڈ میٹر کے تحت موبائل فون کے طرز پر ایڈوانس بل وصول کئے جائیں گے۔پری پیڈ میٹر کیلئے ایزی لوڈ رقم ختم ہونے پر بجلی خود بخود منقطع ہو جائے گی اس طرح پری پیڈ میٹر کی تنصیب کے بعد صارفین کو اپنے موبائل میں بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے لئے پیسے رکھنا ہونگے تاکہ بوقت ضرورت موبائل سے ایڈوانس جمع کرواکے بجلی کی سہولت قائم رکھی جا سکے۔
آئیسکو کی بجلی صارفین سے پیشگی بل وصول کرنے کی تیاریاں مکمل،پری پیڈ بجلی میٹرکی تنصیب شروع
