اپریل 20, 2026

جہلم:ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ادویات کی کمی، مریض رُل گئے،مریضوں کے لواحقین کی وزیراعلیٰ سے ادویات فراہمی کا مطالبہ

جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ادویات کی کمی کی وجہ سے مریض رُل گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔مریضوں کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم کے سب سے بڑے ہسپتال ڈ سٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جس کا شمار پنجاب کے مثالی ہسپتالوں میں ہوتا تھا جہاں اب سینکڑوں کی تعداد میں آنے والے مریض ادویات اور علاج کی مناسب سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے دھکے کھاتے پرائیویٹ ہسپتالوں سے علاج معالجہ کروانے پر مجبور ہیں۔ ایک طرف ضلعی انتظامیہ جہاں شہریوں کو انکی دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے کھوکھلے دعوے کر رہی ہے تو دوسری جانب ضلع کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں ادویات کی عدم فراہمی اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہ ہونے سے ضلع جہلم کے دوردراز کے علاقوں سے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین ذلیل وخوار ہوتے دکھائی دیتے ہیں، ڈپٹی کمشنر سمیت تمام ضلعی افسران فوٹوسیشن کروا کے اعلی حکام کو سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوا رہے ہیں جس سے عوام میں پنجاب حکومت کا چہرہ دن بدن مسخ ہو رہا ہے۔شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم کے تمام ہسپتالوں میں ادویات مہیا کی جائیں تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد حکومتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔