جہلم: کالاگجراں کے علاقہ چک جمال میں قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی

جہلم+ دینہ(سید ناصر محمود +رضوان سیٹھی) محکمہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران کی غفلت،تھانہ کالاگجراں کے علاقہ چک جمال میں قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے ایجنسی سمیت ملحقہ مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،ریسکیو1122، فائربریگیڈکی گاڑیاں فائر فائٹرز نے موقع پرپہنچ کر آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران کی نااہلی و غفلت کیوجہ سے ضلع بھر کے متعدد مقامات پر غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں کھلے عام پٹرول فروخت کرنے کا کام کررہی ہیں جس بارے متعدد مرتبہ اخباری و تحریری طور پر سول ڈیفنس کے ارباب اختیار کو اس اہم مسئلے بارے آگاہ کرنے کی کوششیں کی جاچکی ہیں لیکن سول ڈیفنس کے افسران و اہلکار اس گھمبیر مسئلے کے سد باب کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھارہے، جس کی وجہ سے گزشتہ سال 9 جولائی 2023 کو برلب جی ٹی روڈ کالا گجراں کے مقام پرسلنڈر بھرائی کے دوران ہوٹل کے تہہ خانے میں سلنڈر پھٹنے سے ہوٹل کی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی جس کے ملبے تلے دب کرموقع پر 6 افراد جن میں محمد افضل ولد محمد فاضل سکنہ راٹھیاں،یاسر محمود ولد محمد کمیر سکنہ کو ہالی، ڈومیلی،دلاور ولد عبد الرحمن سکنہ کشمور، سندھ،تنویر احمد ولد عبد الفاروق سکنہ ملوٹ،منیر حسین ولد اللہ دتہ سکنہ کو نتریلہ جبکہ 15 زخمیوں جن میں یا سر ولد محمد گلستان قوم کھوکھر سکنہ کالا گوجراں، جاوید اقبال ولد محمد سلیم سکنہ رانجھا میرا،،ظفر اقبال ولد خوشی محمد سکنہ ناڑا ٹاؤن،دانیال افضال ولد محمد افضال سکنہ حال شاندار چوک،زریاب افضال ولد افضال سکنہ حال شاندار چوک،ظفر اقبال قریشی ولد ماسٹر شبیر قریشی سکنہ قاضی آباد، راٹھیاں،عبد الشکور ولد مشتاق احمد سکنہ پدھری، ڈومیلی،توصیف خالد ولد خالد محمود سکنہ بڑا گواہ،عمران حسین ولد منیر حسین سکنہ کنتریلہ،رضا حسن ولد غضنفر علی سکنہ بھوگی چک دینہ شامل تھے،محض چند روز سول ڈیفنس کے عملے نے فوٹو سیشن کرکے اعلیٰ افسران کو سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوادیں جبکہ آج بھی غیر قانونی پٹرول ایجنسی اور غیر قانونی سلنڈر بھرائی کا کام تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری سول ڈیفنس کے ذمہ داران پر عائد ہوتی ہے۔شہر کی سماجی، رفاعی،فلاحی و شہری تنظیموں کے عمائدین نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے مطالبہ کیاہے کہ کھلے عام پٹرول اور سلنڈر بھرائی کا کارروبار کرنے والے غیر قانونی ایجنسیز مالکان کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ جانی و مالی نقصان پر قابو پایا جا سکے۔

Exit mobile version