منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر نگرانی منڈی بہاوالدین میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 کے زیر اہتمام دریائے جہلم، ہیڈ رسول کے مقام پر عملی مشقوں کا اہتمام کیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے منعقدہ عملی مشقوں کا معائنہ کیا اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے ریسکیو / فلڈ ریلیف کیمپس لگائے گئے تھے۔جس میں ریسکیو 1122،پی ڈی ایم اے، محکمہ ہیلتھ، لائیو سٹاک،سول ڈیفنس، ایریگیشن اور سکول ایجوکیشن وغیرہ شامل تھے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122انجینئر عمران خان نے ڈپٹی کمشنر کو ریسکیو کیمپس کا دورہ کرایا اور تفصیلی بریفنگ دی،اس دوران فرضی مشقوں میں ریسکیو1122کے اہلکاروں نے سیلاب زدگان کو بذریعہ کشتی محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے فیلڈ ہسپتال منتقل کرنے کی عملی تربیت کا مظاہرہ کیا،اسی طرح ڈوبتے شخص کو بچانے کیلئے ریسکیو کے غوطہ خوروں کی عملی مشق کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ریسکیو 1122سمیت تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عملی مشقوں سے تمام اداروں کے دستیاب وسائل،آپس میں باہمی روابط،ممکنہ سیلاب پر ریسپانس اور آلات کی تیاریوں کا پتہ چلتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
منڈی بہاؤالدین: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 کے زیر اہتمام دریائے جہلم، ہیڈ رسول کے مقام پر عملی مشقوں کا اہتمام
