بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے حملہ کیس کے 2 مزید ملزمان کو رہا کردیا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) گوجرانوالہ نے دونوں ملزمان کی رہائی کا حکم دیا اور کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے کےلیے کوئی بنیاد نہیں ہے۔رہا ہونے والوں میں ن لیگ کے ضلعی رہنما مدثر نذیر اور اُن کے بھائی احسن شامل ہیں، جن پر بانی پی ٹی آئی پر حملے کی سازش کا الزام تھا۔اے ٹی سی گوجرانوالہ میں دوران سماعت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے مقدمے کا مکمل چالان جمع کروایا۔مقدمے کے چالان کے مطابق کیس کاایک گواہ عمر زمان بیان سے مکر گیا ہے، کہا پوچھے بغیر گواہی ڈالی گئی۔یاد رہے کہ 3 نومبر 2022ء کو وزیرآباد کے اللّٰہ والا چوک میں بانی پی ٹی آئی پر حملہ کیا گیا تھا۔لانگ مارچ کے دوران کنٹینر پر فائرنگ سے بانی پی ٹی آئی زخمی ہوئے تھے، مقدمے کا مرکزی ملزم نوید گرفتاری کے بعد سے جیل میں ہے۔مقدمے میں ملوث 2 ملزمان وقاص اور طیب بٹ پہلے ہی ضمانت پر رہا ہیں، جن پر مرکزی ملزم نوید کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام ہے۔
بانی پی ٹی آئی وزیر آباد حملہ کیس، مزید 2 ملزمان رہا
