منڈی بہاؤالدین:ڈرگ کنٹرولراور FIA کا چھاپہ،لاکھوں مالیت کی جعلی ادویات اور زائدالمعیاد ویکسیئن کا سٹاک برآمد

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہدراٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اورڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی خصوصی ہدایت پرجعلی ادویات کے خلاف چلائی جانیوالی مہم کے دوران ڈرگ کنٹرولر منڈی بہاوالدین محمد افضل ندیم نے ایف آئی اے انسپکٹربدراحمدکے ساتھ مل کر سوہاوہ منڈی بہاوالدین میں ایک خفیہ مقام بالمقابل حیات ہسپتال پر کامیاب چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی ادویات قبضہ میں لے کر بلڈنگ کو سیل کر دیا۔ملزم عمر علی کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ان رجسٹرڈ ادویات اور زائدالمعیاد ویکسین کے سٹاک بھی پکڑے گئے۔ ملزم کے خلاف ڈرگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈرگ کنٹرولر منڈی بہاوالدین محمد افضل ندیم کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام الناس کو ہمہ وقت صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنا جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی کو بھی جعلی ادویات کا کاروبار کر کے انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے گی اور اس گھناونے دھندے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔ضلع کے شہریوں نے جعلی ادویات کے خلاف مسلسل کامیاب کاروائیوں پر ڈپٹی کمشنر اور ڈرگ کنٹرولر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔

Exit mobile version