فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حکام نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے نفاذ کےلیے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ایف بی آر حکام کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سکیشن 114 بی کے تحت جنرل آرڈر جاری کیا گیا تھا۔ایف بی آر کی ملاقاتوں کا مقصد ٹیکس سال 2023ء کے نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کو یقینی بنانا ہے۔ٹیلی کام آپریٹرز نے حالیہ ملاقاتوں میں چھوٹے بیچز میں مینوئل طریقے سے سمز بلاک کرنے پر اتفاق کیا ہے، جمعہ کے روز 5 ہزار نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو مہیا کردی گئی ہیں۔ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر مزید بیچز بھیجے جائیں گے۔دوسری طرف ٹیلی کام آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک کرنے سے خبردار کرنے کے پیغامات بھیجنا شروع کردیے ہیں۔حکام کے مطابق ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز کی شراکت داری ٹیکس قوانین کی بالادستی کے عزم کی عکاس ہے۔حکام کے مطابق نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا، ایف بی آر ان ملاقاتوں میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ایف بی آر حکام کے مطابق پاکستان میں ٹیکس کمپلائنس کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کےلیے اس شراکت داری کو جاری رکھیں گے





