ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم) مرکزی انجمن تاجران ڈنگہ کی الکرم الیکٹرونکس پر ایس ایچ اوتھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس سے خصوصی میٹنگ،مین بازار میں دکاندار آغا اشتیاق محمود فاروقی کے دن دیہاڑے ہونے والے قتل پر شدید غم و غصہ کا اظہاراورقاتلوں کی فوری گرفتاری پر زوردیا گیا۔ وقوعہ سے آج تک 3 دن میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے کی گئی کوششوں بارے ممبران نے ایس ایچ او سے تندوتیز سوالات کیے۔ میٹنگ ریاض احمد بٹ کی زیر صدارت ہوئی۔ جس میں سرپرست حاجی محمد نو از گوندل، جنرل سیکرٹری محمد شریف چشتی،گلزار احمد بھٹو، خالد سہیل بلو،مہر محمد انور ناز،حکیم محمدافضل رضا قادری، پیر آفتاب شاہ، شیخ خرم شہز اد، محمدجمیل لطیف،عبد الحنان قریشی،غلام مرتضیٰ بٹ اور ڈاکٹر محمد مشتاق مغل شامل تھے۔ اجلاس میں تاجران کے تیز و تند سوالات پر ایس ایچ او تھانہ ڈنگ انسپکٹر مجاہد عباس نے ممبران کو اب تک کی گئی پولیس تفتیش کے بارے بریفنگ دی اور کہا کہ ڈی پی او گجرات، سرکل آفیسر تحصیل کھاریاں، ایم این اے اور ایم پی اے سمیت تاجر راہنماؤں کی طرف سے ملزمان کی گرفتاری بارے لمحہ بہ لمحہ صورت حاصل سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ صدر مرکزی انجمن تاجران ریاض احمد بٹ اور جنرل سیکرٹری محمد شریف چشتی نے کہا کہ اس بہیمانہ قتل سے تاجر برادری میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ وہ ہم سے بھی گلہ کرنے میں حق بجانب ہیں کہ مسلسل ہونے والی ڈکیتیوں کے بعد اس قتل کے ملزمان کو ٹریس کرنے بارے پولیس کی طرف سے کسی کامیابی بارے پر امید نہیں ہیں۔ تاجران درست کہتے ہیں اور یہی ہماری رائے بھی ہے کہ پولیس نے تاجر برادری سے بار بار وعدوں کے باوجود کسی ڈکیتی چوری اور قتل کے ملزم گرفتار نہیں گئے۔ یہی وجہ ہے کہ تاجران میں پولیس کی کارکردگی بارے بے چینی پائی جاتی ہے۔ حاجی محمد نواز گوندل نے کہا کہ آج تاجر غیر محفوظ ہیں۔ انکے دلوں میں ڈر بڑھ رہا ہے جو معاشی ترقی کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے۔ ضلع اور تحصیل انتظامیہ جتنے تاجران کے خلاف پر چے درج کرنے پر کوشش کرتی ہے اگر اس سے آدھی کوشش تاجروں کو لوٹنے والے ملزمان کو ٹریس کرنے میں کرے تو آج ایک بیٹی کا باپ یوں دن دیہاڑے قتلنہ ہو پاتا۔ مہر محمد انور ناز نے کہا کہ آغا اشتیاق فاروقی کے قاتلوں کو جلد سے جلد گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنا ضروری ہے ورنہ تاجروں کے پاس احتجاج کی راہ اختیار کرنے کے علاوہ کوئی اور حل نہیں بچے گا۔
مرکزی انجمن تاجران ڈنگہ کی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس سے خصوصی میٹنگ ، آغا اشتیاق محمود فاروقی کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار
