تھانہ صدر جلالپورجٹاں نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرلی


کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار سے)
گجرات پولیس تھانہ صدر جلالپورجٹاں نے اندھے قتل کی واردات ٹریس کرلی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر جلالپورجٹاں کے علاقہ مینووال کے رہائشی محمد ریاض بعمر 65سال کو گزشتہ ماہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے قتل کر کے بوری بند نعش ویرانے میں پھینک کر موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر جلالپورجٹاں انسپکٹر تنویر عباس پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین کے ذریعے موقع سے شواہد اکٹھے کئے گئے۔بعد ازاں تھانہ صدر جلالپورجٹاں میں مقتول کے بھائی محمد اکرم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلا ف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے اس اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کو ٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی صدر سرکل ملک عدنان کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدرجلالپورجٹاں انسپکٹر تنویرعباس کو خصوصی ٹاسک دیااور ہدائیت کہ قاتلوں کو جلد ازجلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔تفتیشی ٹیم نے واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی۔ پولیس ٹیم نے انتہائی قلیل عرصہ میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی محنت اور جانفشانی سے اندھے قتل کی واردات کو ٹریس کرکے قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں 1۔ارشد محمود ولد محمد بوٹا سکنہ گلشن کالونی جلالپورجٹاں 2۔صفیہ بی بی زوجہ محمد شریف سکنہ محلہ پٹھاناں جلالپورجٹاں شامل ہیں۔ جنہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ مقتول ملزمہ صفیہ بی بی سے شادی کرنا چاہتا تھا جس نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اس کو قتل کر دیا۔ جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش مقدمہ جاری ہے۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر کا کہناہے کہ قاتل کتنے ہی چالاک کیوں نہ ہوں وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

Exit mobile version