مئی 14, 2024

پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے، ڈائریکٹر آئی ایم ایف

اسلام آباد / ریاض: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا ہے پہلی سہہ ماہی میں پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ چین کی کارکردگی توقعات سے بڑھ کر اچھی رہی ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چند سالوں کی مشکلات کے باوجود ترقی اور عالمی معیشت بہتر ہے، ہم نے ترقی کے تخمینوں کو اس سال کیلئے بہتر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈوانس معیشتوں میں امریکا کی کارکردگی اچھی ہے، انڈونیشیا، ملائیشیا، انڈیا جیسی ابھرتی مارکیٹس کی کارکردگی بھی اچھی ہے۔ ان کا کہنا تھا چین کی کارکردگی پہلی سہہ ماہی میں توقعات سے کچھ بڑھ کر اچھی رہی، بعض ممالک جیسیکہ پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے۔آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے کہا کہ مصر اب بہتر ہے لیکن اسے بھی مشکلات ہیں، کم آمدنی والے ممالک کی حالت خراب ہو رہی ہے، کورونا کی وبا کے باعث دنیا کو 3.3 ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچا، کورونا کے باعث معاشی نقصان سے کم آمدنی والے ممالک زیادہ متاثر ہوئے۔کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا تھا ہمارے لیے اس وقت تین ترجیحات ہیں، اول ترجیح یہ ہے جن ملکوں میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اسے ٹارگٹ تک لایا جائے، کسی حدتک مہنگائی میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم کام باقی ہے۔