منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج میں گرلز بلاک کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی تکمیل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ تھے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی، پرنسپل کرنل (ر)عطاء الرحمٰن،بورڈ آف گورنرز کے ممبران، ٹیچرز، طلباء و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ پراجیکٹ111.15ملین روپے کاتھاجس کو11ماہ میں مکمل کیا گیا ہے۔اس پراجیکٹ میں 18کلاس رومز،4 سائنس اینڈ کمپیوٹر لیبز، ایک کینٹین ہال، 4دفاتر، 4سٹاف رومز اور 2پلے گراؤنڈ بنائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کے خصوصی تعاون سے گرلز کالج کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کو شروع کیا گیا، جس کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح طالب علموں کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے، جس کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے،اس منصوبے کی تکمیل سے گرلز بلاک کے کلاس رومز کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، طالبات بہتر اور پر سکون ماحول میں اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں گی۔
منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ڈسٹرکٹ جناح پبلک سکول و کالج میں گرلز بلاک کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی تکمیل کاافتتاح کر دیا
