منڈی بہاؤالدین:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے بلوچستان میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین میں 60لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے سانحہ نوشکی بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے لواحقین میں 60لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر منڈی بہاوالدین شاہد عمران مارتھ اور ڈپٹی کمشنر نوشکی، بلوچستان حبیب اللہ موسیٰ خیل نے نوشکی بلوچستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے منڈی بہاوالدین کے موضع چک فتح شاہ سے تعلق رکھنے والے 6 شہداء کے لواحقین میں 10لاکھ روپے فی کس مالی امداد کے چیکس تقسیم کر دئیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رضا صفدر کاظمی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ضلعی افسران،پولیس اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ موسیٰ خیل نے جاں بحق نوجوانوں کے درجات بلندی کیلئے دعا کی۔انہوں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ورثاء سے گہرے دکھ، رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور بلوچستان متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں،یقینا جوان اولاد کا دکھ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہماری دعائیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے 4مجرم گرفتار ہو چکے ہیں اور باقی مجرم بھی جلد گرفتار کر کے انہیں سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔

Exit mobile version