جہلم(سید ناصر محمود)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں عید کے دنوں میں قصابوں نے خود ساختہ نرخ مقرر کرکے عوام کی خوب کھال ادھیڑی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس زیر زمین چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھرکے قصابوں کی جانب سے کی جانے والی خود ساختہ مہنگائی کے دوران چھوٹا گوشت 2000 سے 2200 روپے فی کلو، بڑا گوشت 1000 روپے سے 1200 روپے فی کلو اور برائلر مرغی گوشت 700 روپے سے لیکر 900 روپے میں فروخت کیا جا تا رہا، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹر یٹس نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کئے رکھی، گراں فروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہ تھا۔ قصابوں اور چکن فروشوں نے سرکاری نرخ نظر انداز کرتے ہوئے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے گوشت کی فروخت جاری رکھی شہر سمیت ضلع بھر کے قصاب سلاٹر ہاؤس جانے کی بجائے گلی محلوں اور دکانوں کے باہر نالوں پر نیم مردہ، بیمار اور لاغر جانور ذبح کر کے مہنگے داموں گوشت فروخت کرتے رہے اور مخصوص پائپ کے ذریعے پانی لگا کر گوشت کا وزن بڑھا کر فروخت کرتے دکھائی دیئے، جبکہ چکن فروش بیمار مرغیوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت مہنگے داموں فروخت کرتے رہے،دوسری جانب چھوٹا بڑا بیمار اورنیم مردہ، مادہ جانوروں کا مضر صحت گوشت شہریوں کیلئے بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے جس سے شہری دل، معدے، بلڈ پریشر سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے مطالبہ کیاہے کہ ناقص و مضر صحت مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو دفاتر سے باہر نکل کرکے قصابوں کو چیک کرنے کاپابند بنایا جائے تاکہ شہری حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق مقررہ نرخوں پر گوشت خرید کر استعمال کر سکیں۔
جہلم سمیت ضلع بھر میں عید کے دنوں میں قصابوں نے خود ساختہ نرخ مقرر کرکے عوام کی خوب کھال ادھیڑی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس زیر زمین چلے گئے
