جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم چوآسیدن شاہ کے سینئر صحافی سید طلحہ فاروق کے خلاف من گھڑت، بے بنیاد مقدمے کو خارج کرکے معزز صحافی کو باعزت بری کیا جائے۔جہلم پریس کلب کی صحافی برادری نے چوآسیدن شاہ کے سینئر صحافی سید طلحہ فاروق کے خلاف درج من گھڑت، بے بنیاد جھوٹے مقدمے میں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر وار قرار دیا ہے۔جہلم پریس کلب کے صدر محمد امجد بٹ، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ چوآسیدن شاہ کے معروف سینئر صحافی سید طلحہ فاروق نہ صرف صحافی ہیں بلکہ ان کا خاندانی پس منظر بھی ان کی شرافت دیانتداری اور ایمانداری کی گواہی دیتا ہے۔ گزشتہ ماہ سید طلحہ فاروق نے چوآسیدن شاہ سرکل میں ہونے والی چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی خبریں شائع کیں جو کہ چوآسیدن شاہ پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جس پر چوآسیدن شاہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے جرائم کی نشاندہی کرنے والے صحافی کے خلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت بے بنیاد، من گھڑت، جھوٹا مقدمہ درج کرکے سینئر صحافی کی شہرت کو پامال کیا۔ جس پر صحافی برادری سراپا احتجاج ہے اور ڈی پی او چکوال کیپٹن (ر) واحد محمود سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعہ کی فرض شناس، ایماندار افسران کی انکوائری کروائی جائے اور میرٹ پر تفتیش کرکے سید طلحہ فاروق کو انصاف فراہم کیا جائے۔
چوآسیدن شاہ کے سینئر صحافی سید طلحہ فاروق کیخلاف من گھڑت، بے بنیاد مقدمے کو خارج کیا جائے:جہلم پریس کلب
