جہلم: گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال اہم مرحلہ،اس دوران بے احتیاطی سے پیداوار میں نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے: ترجمان محکمہ زراعت

جہلم(مرزاقدیر بیگ)جہلم ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران بے احتیاطی کرنے سے پیداوار میں 10 تا12فیصد تک نقصان کا سامناکرنے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ کاشتکار گندم کی بروقت سنبھال کیلئے مزدوروں،ریپر،تھریشر،ٹریکٹر ترپال یا پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔کاشتکار گندم کی کٹائی سے قبل ٹیلی ویژن یا ریڈیو سے نشر ہونے والی موسمی پیشن گوئی کے مطابق انتظامات مکمل کریں۔بارش ہونے کی صورت میں کٹائی گہائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ شروع نہ کریں جب تک موسم صاف نہ ہو جائے اور کٹائی شدہ گندم کو پلاسٹک کی چادر یا ترپال سے فوراً ڈھانپ دیں۔کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رْخ ایک ہی طرف رکھیں۔کھلیان چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے اردگرد کھائی ضرور بنائی جائے۔ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ کاشتکار گندم کی برداشت کے دوران اگلے سال کی فصل کے بیج کی تیاری صیحح طریقے سے کریں۔فصل کو برداشت سے قبل جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرلیں۔فصل کی ہر قسم کیلئے علیحدہ کھلیان لگائیں اور ہر قسم کی گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر کو اچھی طرح صاف کر لیں اور پہلی ایک یا دو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کا نام ضرور لکھیں۔بیج کیلئے محفوظ کئے گئے دانوں میں نمی کا تناسب 10 فیصد تک ہونا چاہیے۔

Exit mobile version