سینیٹرز کی حلف برداری، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب، اجلاس شروع

نو منتخب سینیٹرز کی حلف برداری اور چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ کا اجلاس شروع ہو گیا۔نو منتخب سینیٹر اسحاق ڈار سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔اجلاس شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے ایوان میں احتجاج کیا اور نعرے لگائے۔پی ٹی آئی کے سینیٹرز بانیٔ پی ٹیآئی کی تصاویر ایوان میں لے آئے۔اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اعظم نذیر تارڑ معاملے پر آئینی و قانونی پوزیشن واضح کریں۔اس سے قبل چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی سینیٹ پہنچ گئے۔نو منتخب سینیٹرز محسن نقوی، سیدال خان، اورنگزیب خان، حامد خان، ایمل ولی بھی سینیٹ اجلاس میں شریک ہیں۔سیکریٹری سینیٹ نے ممبران کو خوش آمدید کہا۔مسلم لیگ ن نے سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کر دیا جس کے بعد سیدال خان ناصر کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے فارم حاصل کر لیے گئے۔تحریکِ انصاف نے سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔سینیٹر محسن عزیز نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب ممبران کو مبارک باد دیتا ہوں، ہم آج کے حلف کی حفاظت کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی اکائی موجود نہ ہو تو الیکشن جائز نہیں، کے پی کے ممبران کے بغیر چیئرمین اورڈپٹی کا الیکشن ناجائز ہے۔37 نو منتخب ارکان بطور سینیٹر جبکہ ضمنی الیکشن میں منتخب 6 سینیٹرز بھی آج حلف اٹھائیں گے۔خیبر پختون خوا میں سینیٹ الیکشن نہ ہونے کے باعث 11 سینیٹرز حلف نہیں اٹھائیں گے۔پیپلز پارٹی کے 18، مسلم لیگ ن کے 14، جے یو آئی کے 3، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2 ارکان آج حلف اٹھائیں گے۔ایم کیو ایم پاکستان، اے این پی، نیشنل پارٹی کے ایک، ایک رکن بھی سینیٹر کا حلف اٹھائیں گے۔3 آزاد نو منتخب ارکان بھی بطور سینیٹر حلف اٹھائیں گے۔اسلام آباد سے جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی اور رانا محمودالحسن، ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار حلف اٹھائیں گے۔بلوچستان سے جنرل نشست پر جے یو آئی کے احمد خان اور عبدالشکور، آزاد امیدوار انوارالحق کاکڑ بطور سینیٹر حلف اٹھائیں گے۔بلوچستان سے اے این پی کے ایمل ولی، نیشنل پارٹی کے جان محمد، پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو، سردار عمر گورگیج حلف اٹھائیں گے۔سندھ سے جنرل نشست پر پیپلز پارٹی کے جام سیف اللّٰہ خان، اسلم ابڑو، مسرور احسن، دوست علی جیسر، اشرف جتوئی، کاظم علی شاہ اور ندیم بھٹو حلف اٹھائیں گے۔

Exit mobile version