جہلم(سید مظہرعباس)جہلم حضرت امیر المومنین علی علیہ السلام کی پوری زندگی اطاعت رسول تقسیم علم قیام عدل اور مظلوموں کی حمایت سے عبارت ہے، تعجب تو اس بات پر ہے کہ کبھی انسان اس حد تک بھی گر جاتا ہے کہ شب ہائے قدر میں زیادہ ثواب کی نیت سے حضرت علی علیہ السلام جیسی اعلی و ارفع صفات کی مالک شخصیت کو قتل کرتا ہے۔ مسجد کوفہ میں ثواب و اجر کی نیت سے ابن ملجم کی دہشت گردی تاریخ اسلام کا بدنما باب ہے، آج بھی مساجد، امام بارگاہوں، فوجی چھاؤنیوں آرمی مسافروں اور نہتے مسلمانوں پر دہشت گردی کرنے والے انسان نما بھیڑیے ابن ملجم کی فاسد تعلیمات پر عمل پیرا ہیں، ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید اشتیاق حسین کا ظمی نے یوم شہادت علی کے موقع پر کیا،انہوں نے کہا دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کے لیے امیر المومنین کی تعلیمات مشعل راہ ہیں امت مسلمہ اور بالخصوص وطن عزیز کو آج جن دہشت گردوں کا سامنا ہے، حضرت علی علیہ السلام کو بھی ایسے ہی دہشت گردوں کے خلاف جنگ نہروان کے نام سے آپریشن کرنا پڑا۔ علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے دہشت گردی کے نتیجے میں فوجی جوانوں کی شہادتوں اور چائنیز مہمانوں کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا۔




