جہلم(چوہدری عابد محمود)جہلم میونسپل کمیٹی پنڈدادنخان کی طرف سے حالیہ لگائے جانیوالے ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف پنڈدادنخان کے تمام اسٹیک ہولڈر زمتحد ہو گئے۔ ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن، چنگ چی رکشہ و لوڈر رکشہ مالکان، ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے مزدوری کرنیوالے مرکزی انجمن تاجران، وکلاء برادری، سول سوسائٹی کے عمائدین ریلی کی شکل میں اسسٹنٹ کمشنر اسامہ شیرون کے دفتر پہنچے، ہائی کمان سے ویڈیو لنک پر میٹنگ کے باعث پرامن مظاہرین کی اسسٹنٹ کمشنر سے بلمشافہ ملاقات نہ ہوسکی ریلی کے شرکاء نے تحصیل کمپلکس پنڈدادن خان کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ اگر لاگو شدہ ظالمانہ ٹیکس واپس نہ لئے گئے تو قانونی چاری جوئی سمیت شٹر ڈاؤن اور روڈ بلاک کرنے کا لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا ریلی کے شرکاء نے مزید کہا کہ ہمارا تعلق متوسط طبقے سے ہے جو بمشکل بچوں کی روٹی کما رہے ہیں اوپر سے سینکڑوں کی تعداد میں ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار ہمارے چولہے ٹھنڈے کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے، غریب سفید پوش، مزدور، دیہاڑی دار طبقہ کی نوبت فاقہ کشیوں تک پہنچ چکی ہے،موجودہ دور میں بچہ بچہ مقروض ہے انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،صوبائی وزیر بلدیات،چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ تحصیل پنڈدادنخان میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے اور رواں ماہ عائد کئے گئے ظالمانہ ٹیکسسز کو واپس لینے کے احکامات جاری کئے جائیں،بصورت دیگر تحصیل پنڈدادنخان کے عوام مجبوراً احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری تحصیل انتظامیہ پر عائد ہوگی۔




