گجرات (پ۔ر) جامعہ گجرات کے بزنس انکوبیشن سنٹر کے زیر اہتمام بزنس آئیڈیاز کمپی ٹیشن کی تعارفی تقریب کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور تھے۔ مہمان اعزاز ڈائریکٹرORICپروفیسر ڈاکٹر عادل رشید جبکہ میزبانی ڈائریکٹرBICڈاکٹر نعمان ریاض نے کی۔ تقریب کا مقصد یونیورسٹی طلبہ میں اختراع و ایجاد، خود انحصاری اور انٹر یپر ینیئر شپ کے امکانات و تصورات کا فروغ تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ طلبہ میں خود انحصاری کے جذبہ کا فروغ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس وقت وطن عزیز پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ بیروزگاری ہے جو فوری نوعیت کے اقدامات کا متقاضی ہے۔ہمارا مقصدطلبہ کو ملازمتیں تلاش کرنے کی بجائے ملازمتیں دینے والے بنانا ہے۔ڈاکٹر نعمان ریاض نےBICکے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو عملی زندگی میں کامیابیوں سے روشناس کروانے کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت لازم امر ہے۔ جامعہ گجرات کاBICاسی سلسلہ میں عملی اقدامات کے ذریعے طلبہ کی دورحاضر کے جدید ترین تقاضوں کے عین مطابق عملی تربیت کے لیے کمربستہ ہے۔ قبل ازیں 5th Cohortکے تحت منتخب ہونے والی ٹیموں کے فوکل پرسن نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ یاد رہے کہ جامعہ گجرات کی یہ طلبہ ٹیمیں قومی سطح پر بھی مختلف ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ یاد رہے کہ جامعات کا بنیادی فریضہ قیمتی ملکی اثاثہ یعنی طلبہ کی نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت کے ذریعے معاشرہ و سماج کی خدمت ہے۔جامعہ گجرات کا بزنس انکوبیشن سنٹر نوجوان طلبا و طالبات میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بن رہا ہے۔ تخلیق، جدت اور اختراع ہی وہ رموز ہیں جن میں کامیابی کی کنجی پوشیدہ ہے۔ بزنس انکوبیشن سنٹر کے قیام کا بنیادی مقصد طلبہ کو ایسی تجربہ گاہ مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنے اختراعی تصورات و نظریات کو عملی کاروبار کی صورت میں ڈھالنے کی مہارت حاصل کرکے قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ BICطلبہ کی مختلف ٹیموں کے پیش کردہ بہترین بزنس آئیڈیاز کی بناء پر سب سے بہتر بزنس آئیڈیا پیش کرنے والی ٹیموں کو مالی معاونت مہیا کرنے کے علاوہ ان منتخب ٹیموں کو فنانسر تلاش کرنے میں بھی مدد مہیا کرتا ہے۔
جامعہ گجرات کے بزنس انکوبیشن سنٹر کے زیر اہتمام تقریب
