جہلم(چوہدری مہربان حسین)جہلم شہر کے مصروف ترین چوک، چوراہوں میں چنگ چی رکشوں کی بھر مار،ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا۔ رکشہ ڈرائیوروں نے ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کیوجہ سے شہر کے چوک چوراہوں پر قبضہ کر لیا،ٹریفک پولیس کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی، شہریوں کا شہر کے چوک، چوراہوں سے غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ ختم کروانے کا مطالبہ، تفصیلات کیمطابق شہر کے مصروف ترین چوک شاندار، چوک گنبدوالی مسجد، جادہ چونگی، محمدی چوک، قبرستان چوک، نیابازار چوک، روہتاس روڈ چوک، کچہری چوک، بلال ٹاؤن،ڈنگی پلی اور دیگر مقامات پر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث رکشہ اسٹینڈ بنا کر سڑکوں پر قبضہ جما رکھا ہے، جس کے باعث راہگیروں خصوصاً ضعیف العمر افراد اور خواتین کا گزرنا محال ہوچکا ہے، ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو رواں رکھنے کی بجائے چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔ شہرکی سڑکوں اور بازاروں میں عید الفطر کے باعث رش بڑھنے سے ٹریفک کا جام رہنا روز کا معمول بن چکا ہے جس کیوجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائیاں کرنے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں جس کی وجہ سے چنگ رکشہ ڈرائیوروں نے شہر کے چوک چوراہوں کو رکشہ اڈوں میں تبدیل کر رکھا ہے، شہر کی شہری، سماجی، مذہبی، رفاعی، کارروباری، فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے آئی جی پنجاب، ایڈیشنل ڈی آئی جی ٹریفک پولیس مرز ا فاران بیگ، ایڈوائر صوبائی محتسب پنجاب جہلم، ڈی پی او جہلم،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کو چوک چوراہے بند کرنے والے رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام رہنے کے مسئلے سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔
جہلم شہر کے مصروف ترین چوک، چوراہوں میں چنگ چی رکشوں کی بھر مار،ٹریفک کا جام رہنا روزانہ کا معمول بن گیا
