ملکی معیشت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی، وزیر اعظم کی ایس آئی ایف سی اجلاس میں گفتگو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت  جلد  اپنے  پاؤں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔ سابق نگران وزیراعظم سمیت سابق نگران کابینہ نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی، اجلاس میں نگران دور حکومت میں ایس آئی ایف سی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا اور معیشت کی بحالی کیلئے معاشی ٹیم کا پلان بھی ایس آئی ایف سی کے سامنے رکھا۔وزیر اعظم نےاجلاس  میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد بیرون ملک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے، آج کے اجلاس میں مخلتف سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندے اور عسکری قیادت موجود ہے، یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ملکی ترقی کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔شہباز شریف کا کنا تھا معیشت کو بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں، بہت جلد ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے، ہمیں ہر میدان میں ریفارمز لانی ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آنے والے وقت کے لیے ایس آئی ایف سی کے  اہداف بھی طے کیے گئے۔

Exit mobile version