جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم زندہ قو میں نہ صرف ہمیشہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں بلکہ اپنی روایات، تہذیب و تمدن کے پرچار کو خصوصی اہمیت دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر جہلم پریس کلب محمد امجد بٹ نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی ثقافت اور رسم ورواج کو بھول جاتی ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتیں۔ پاکستان مختلف قوموں کا خوبصورت گل دستہ ہے، یہاں آباد تمام قو میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور ہم بحیثیت پاکستانی ایک متحد قوم ہیں۔ تہذیب و ثقافت کسی بھی قوم کا آئینہ ہوتی ہے، قوموں کے درخشاں مستقبل کے لئے تہذیبی اقدار چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں، مثبت تہذیبی و ثقافتی اقدار کے فروغ سے سماج میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔اس طرح سلامتی کے پھول کھلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ و پائندہ کہلاتی ہیں جو تہذیب یافتہ ہوں، وہی معاشرہ کامیاب و کامران ہوتا ہے جس کی ثقافت پائیدار ہو، وہی ملک ترقی کر سکتا ہے جس کی جڑوں میں جاندار تہذیب اور مثبت ثقافت کی آبیاری ہو رہی ہو، وہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے جہاں صحیح معنوں میں مثبت تہذیب و ثقافت فروغ پارہی ہو۔





