پنجاب میں کرپشن پر سیاسی جنگ تیز: چوہدری سالک حسین بیان پر قائم، مریم نواز کا قانونی کارروائی کا اعلان

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر سیاسی تصادم شدت اختیار کر گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے موقف کو برقرار رکھا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے قانونی چارہ جوئی کی دھمکی دی ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے دیے گئے بیان پر مکمل طور پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے پاس جب اختیار آئے تو اسے عاجز رہنا چاہیے اور اللّٰہ تعالیٰ سب کو غرور و تکبر سے بچائے۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ میں نے سچائی کے ساتھ جواب دیا ہے کہ پنجاب میں بالکل کرپشن ہو رہی ہے، جبکہ ڈی سی لگوانے سے متعلق بات میں کوئی سچائی نہیں کیونکہ ڈی سی پہلے ہی تعینات تھا۔

دوسری جانب، اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کے الزامات کو سخت مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزیر کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ورنہ انہیں عدالت میں گھسیٹا جائے گا اور ہرجانے کا نوٹس بھیجا جائے گا۔ مریم نواز نے چوہدری سالک سے سوال کیا کہ اگر حکومت اتنی ہی کرپٹ ہے تو وہ وفاق میں وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں؟

سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے دور کی تعریف پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک کہتے ہیں پرویز الٰہی کی حکومت بہترین تھی، لیکن جب میں بارش کے دوران گجرات گئی تو سڑکوں پر اتنا پانی تھا کہ میری گاڑی ڈوب گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سفارش پر نہیں بلکہ میرٹ پر افسران کی تعیناتی کرتی ہیں کیونکہ سفارش پر آنے والے لوگ ملک اور عوام کا بیڑا غرق کرتے ہیں۔

Exit mobile version